گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ نواز شریف ایک ماہ میں پاکستان آ رہے ہیں، ان کا استقبال کرنے خود ائیرپورٹ جاؤں گا۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا پرویز الٰہی نے ون آن ون ملاقات میں کہا تھا اسمبلی نہیں توڑنا چاہتا، پرویز الٰہی نے یہ بھی کہا تھا کہ اسمبلی نہ توڑنے پر عمران خان کو قائل کر لوں گا۔
ان کا کہنا تھا نگراں وزیراعلیٰ پر اتفاق کے لیے بہت کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکا، نگراں وزیراعلیٰ کے لیے پرویز الٰہی اور ملک احمد خان نے ایک دوسرے کے نام مسترد کر دیے۔
بلیغ الرحمان کا کہنا تھا پنجاب میں گورنر راج کے نفاذ پر کبھی سنجیدگی سے غور نہیں ہوا، عام انتخابات مقررہ مدت میں ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا نواز شریف ایک ماہ میں پاکستان آ جائیں گے، نواز شریف کا استقبال کرنے خود ائیرپورٹ جاؤں گا، مریم نواز بھی ایک ہفتے میں پاکستان پہنچ رہی ہیں۔