صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کراچی کا جو بھی میئر آئے گا سندھ حکومت اس کا ساتھ دے گی، جماعت اسلامی نے کون سا تیر مارا ہے جو جیت گئے؟
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا سیل سب سے اچھا جا رہا ہے، 2018ء میں جعلی طریقے سے اسمبلی میں پہنچنے والوں کو شکست ہوئی، ایک پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ بھی نہیں آیا اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا میئر ہمارا ہوگا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے، پی ٹی آئی رہنما شکست تسلیم کرکے کہہ رہے ہیں تیاری نہیں تھی، سندھ میں پی ٹی آئی کو ووٹرز نے ناکام کر دیا، عمران خان کہتے تھے سندھ کا دورہ کرکے پی ٹی آئی کا صفایا کروں گا، عمران خان کا جھوٹا بیانیہ سندھ کے عوام نے مسترد کر دیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی یہی جھوٹا بیانیہ ملک میں پھیلائے گی، پی ٹی آئی کو تاریخی شکست کا ٹرینڈ پورے پاکستان میں چلے گا، اقتدار میں گھس بیٹھیوں کا حشر عوام ایسا ہی کریں گے، پی ٹی آئی کا میئر کا امیدوار جو کونسلر نہیں بن سکتا وہ پارلیمانی لیڈر بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بڑھکیں مارتا ہے، پنجاب اور کے پی اسمبلی ختم کر دی، عمران خان غیرت کھائیں اور سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کو مستعفی ہونے کا کہیں، عمران خان کے جعلی بیانیے کو عبرتناک شکست ہوگی۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ جو آپ کو اقتدار میں لایا اس کے بارے میں عالمی میڈیا میں الٹی سیدھی باتیں کر رہے ہیں، بتانا ہے تو بتائیں کہ آپ کو کس طرح اقتدار میں لایا گیا تھا، سیاہ باب کا بینفشری عمران خان تھا جس نے سیاست اور ماحول کو آلودہ کیا، اس ملک میں اب سیاسی انجینئرنگ نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اس نے آئی ایم ایف سے جھوٹے وعدوں میں کسر نہیں چھوڑی، یہ صاف ستھرا، دودھ کا دھلا شخص نہیں تھا، اس کے ایک ایک کارنامے اور اسکینڈل عیاں ہو چکے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں میئر کی سیٹ پر قانونی اخلاقی حق پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے، کراچی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کا عددی نمبر سب سے زیادہ ہے، کراچی میں جماعت اسلامی کے خدشات الیکشن کمیشن ہی دور کر سکتا ہے، پی ٹی آئی سے کوئی بات نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسی ایک شہر کا نام لیں جہاں طبی سہولتیں مفت مل رہی ہیں، این آئی سی وی ڈی کسی صوبے میں ہے؟ روبوٹک سرجری کس شہر میں ہو رہی ہے؟ کینسر کا فری علاج سندھ میں ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی کے عوام کو نظر آرہا ہے، پیپلز پارٹی نے کراچی میں ڈلیور کیا ہے، جماعت اسلامی نے کون سا تیر مارا ہے؟ جعلی مینڈیٹ والے کسی اسمبلی میں بیٹھنے کے لائق نہیں، جماعت اسلامی کیلئے مہم کیسے چلی؟ اس چکر میں نہیں پڑناچاہتے، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے اہم ایشوز میں پینے کا پانی ہے، کے فور پر کام ہو رہا ہے، وزیراعظم کے فور کے سلسلے میں دو تین دن میں کراچی آرہے ہیں، کراچی میں بارش سے تباہ سڑکوں کی مرمت پر کام ہو رہا ہے۔