امیر کویت شیخ نواف نے سیاسی شخصیات سمیت حکمران خاندان کے 37 افراد کیلئے عام معافی کا اعلان کر دیا۔
حکومت نے اس اقدام کو قومی مصالحت کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔
وزراء کونسل نے کہا کہ اس اقدام سے انتظامی اور قانونی اتھارٹیز کے درمیان تعاون کا آغاز ہوگا۔
عام معافی میں وہ کویتی شامل ہیں جو سزا سنائے جانے کے وقت بیرون ملک تھے جن میں حکمران خاندان کے صبیح الصباح، خلیفہ الصباح اور احمد الصباح شامل ہیں۔
خواتین کے حقوق کیلئے سرگرم رہنما دلال المسلم لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہی تھیں، انہوں نے تصدیق کی ہے کہ انہیں بھی امیر کویت کی طرف سے معافی مل گئی ہے۔
سابق رکن پارلیمنٹ حامد دشتی 2016 سے جنیوا میں ہیں، انہوں نے سعودی عرب اور بحرین کیلئے غیر ذمہ دارانہ بیان دیے تھے جس پر 73 برس قید کی سزا سنائی گئی، یہ سزا اب معاف کر دی گئی ہے۔
امیرِ کویت کی عام معافی میں شامل تمام افراد کے نام مقامی اخبارات میں شائع ہوں گے۔