وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے ہم پنجاب میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا بنایا ہوا نگراں وزیراعلیٰ نہیں چلنے دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا پنجاب میں جب بھی الیکشن ہوں گے ہم بھرپور مقابلہ کریں گے، ہمیں الیکشن کمیشن کی نیت اور سوچ کا پتا ہے، الیکشن کمیشن تو روزانہ عمران خان کے خلاف کیسز بنا رہا ہے۔
عمران خان کو قائداعظم کے بعد بڑا لیڈر قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا عمران خان جب غلطی کرتے ہیں تو ہم انہیں روکتے ہیں لیکن جب دشمن غلطی کرنے تو اسے نہیں روکنا چاہیے اسے ڈوبنے دینا چاہیے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا ہم چیف الیکشن کمشنر کا بنایا ہوا چیف منسٹر چلنے نہیں دیں گے، چیف الیکشن کمشنر کے بنائے ہوئے وزیر اعلیٰ کے خلاف عدالت جائیں گے۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ن لیگ والوں سے پوچھیں۔