سلیمان شہباز کے ٹوئٹ پر مفتاح اسماعیل کاسخت ردعمل

20  جنوری‬‮  2023

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ میری سلیمان سے بڑے عرصے سے دوستی ہے، اچھے اور تمیز والے آدمی ہیں لیکن میں نہیں سمجھتا کہ سلیمان کا اس طرح کے الفاظ کا چناؤ مناسب تھا۔
انہوں نے کہا کہ میری کارکردگی جیسی تھی سب کے سامنے ہے، اگر مجھے ن لیگ سے نکالنا چاہتے ہیں تو وہ نکال دیں، کچھ دوستوں سے مشورہ کر کے فیصلہ کر لیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں کوئی خاندانی سیاستدان نہیں ہوں اور ضروری نہیں کہ ہر آدمی الیکشن لڑے، میں سمجھ گیا کہ میرا پارٹی کے اندر اسپیس بہت لمیٹڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیرتھا تو آئی ایم ایف کو واپس لے آیا، عمران خان نے فروری میں آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا تھا، الیکشن میں شکست ہونے پر پارٹی گھبرا گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات سب جانتے ہیں کہ کچھ چیزیں کرنی ناگزیر ہیں، پاکستان کی معیشت کو بچانا اولین ترجیح ہونی چاہئے، سیاستدان سیاسی مقاصد کو بھی مدنظر رکھتے ہیں، وہی مقصد عمران خان نے فروری میں مدنظر رکھے،کبھی کبھار ن لیگ بھی رکھ لیتی ہے، اس وقت سیاست بمقابلہ ریاست ہو گئی ہے۔

پروگرام میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کوئی بھی یہ سوچ کر نہیں آتا کہ ہم آئیں گے تومزید کشیدگی پیدا ہوجائے گی، سب لوگ یہی سوچتے ہیں کہ معیشت کو مضبوط کریں گے اور مثبت قدم اٹھائیں گے، معیشت پٹری سے اتر گئی تھی، ہم بڑی محنت سے ایک جگہ پر لے آئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved