پی ایس ایل 8 کے شیڈول کا اعلان ہو گیا

20  جنوری‬‮  2023

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 13 فروری کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین میچ سے ہو گا۔ 34 میچز پر مشتمل ایونٹ کے 11 میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن 8 کے 9 میچز لاہور، 9 کراچی اور 5 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل 8 میں ٹوٹل 36 غیرملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ لاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ہوم گراؤنڈز پر5 ،5 میچز کھیلیں گی جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران ویمنز کرکٹ کے 3 نمائشی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل کے ترانے کے لیے علی سیٹھی کا نام زیر غور تھا لیکن میں نے مفادات کے تنازعہ کی وجہ سے علی سیٹھی کا نام نکلوا دیا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ علی سیٹھی بھی گانا گانے میں دلچسپی رکھتا تھا لیکن جب میں پی سی بی میں نہیں ہوں گا تو تب وہ گا لے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال کورونا کی وجہ سے پی ایس ایل ریونیو کے اعتبار سے اچھا نہیں رہا تاہم گزشتہ سال پی ایس ایل کے لیے اچھا سال رہا اور پی ایس ایل کا رواں سیزن بھی بہت اچھا ہو گا۔ پی ایس ایل کے ساتھ دیگر کسی لیگ نے اپنا شیڈول نہیں رکھا اور اب پی ایس ایل ایک برینڈ بن چکا ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہو گی جبکہ پی ایس ایل کا پہلا لیگ ملتان اور دوسرا کراچی میں ہو گا۔ پی ایس ایل کا ترانہ بن رہا ہے جو جلد ریلیز کریں گے۔ سب سے اچھی خبر یہ ہے کہ پی ایس ایل کے چاہنے والے بڑھتے جا رہے ہیں جن کے بغیر پی ایس ایل کامیاب نہیں ہو سکتا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved