پاکستان تحریک انصاف کے 81 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہوچکے مزید اراکین کے استعفے 23 جنوری کو منظور کیے جانے کا امکان ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اب تک پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی اراکین میں سے 81 اراکین کے استعفے منظور کیے جاچکے ہیں جب کہ باقی اراکین کے استعفے پیر 23 جنوری کو منظور کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 9 قبل مستعفی ہونے والے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری میں اچانک تیزی آئی ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی نے دو روز کے دوران 70 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ان نشستوں سے پی ٹی آئی کے اراکین کے ڈی نوٹیفائی ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ان نشستوں کو خالی قرار دے دیا گیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ سال جولائی میں 11 منتخب نشستوں پر استعفوں کو منظور کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان میں سے 7 پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی تھی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو مزید 35 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے جائیں گے جبکہ اس کے بعد استعفوں کی منظوری کا ایک اور مرحلہ آئے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت کی یہ ساری کاوشیں اس لیے ہیں کہ پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہ آسکے اس لیے اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین کی تعداد 25 سے کم رکھنے کے لیے تواتر کے ساتھ استعفے منظور کیے جا رہے ہیں۔