ہتک عزت کیس کی سماعت کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ عدالت میں ایک دوسرے سے بغلگیر ہو گئے۔
سعید غنی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف ہتک عزت کیسز کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہوئی۔ سعید غنی اور حلیم عادل شیخ اپنے اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
جج نے سعید غنی سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا آپ نےحلیم عادل شیخ کےخلاف ہتک عزت کا کیس کیا ہے؟ کیا پیسے عزت سے بڑھ سکتے ہیں؟ آپس میں مل بیٹھ کر صلح کر لیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا یہ معافی نامہ لکھ کر دیں تو کیس ختم کرنے کے لیے تیار ہوں، جس پر حلیم عادل شیخ کے وکیل نے کہا مل بیٹھ کر بات کے لیے تیار ہیں مگر معافی نامہ لکھ نہیں دیں گے۔
عدالت نے سعید غنی اور حلیم عادل کو ہدایت کی کہ دل بڑا کریں اور ایک دوسرے کو معاف کردیں۔ بعد ازاں سعید غنی نے کمرہ عدالت میں حلیم عادل شیخ کو گلے سے لگا لیا۔