وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کی معیشت کو بٹھانے کی مہم جوئی کر رہا ہے، عوام اس کی فتنہ و فساد پر مبنی سیاست کے ساتھ نہیں ہیں۔ عمران خان کہتے ہیں مجھے اقتدار نہ ملے تو پاکستان پر ایٹم بم گرا دو۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ 6، 7 ماہ سے عمران خان مظاہرے ہی کر رہے ہیں، انہوں نے سب کچھ کرکے دیکھ لیا، بری طرح ناکام ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے، اگر وہ اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ کل الیکشن کرالیں، عمران خان نتائج تسلیم نہیں کرے گا، اگر یہ اقتدار میں آگیا تو ملک کا بھٹہ بٹھا دے گا۔
انہوں نے کہا کہ کیا محسن نقوی عثمان بزدار سے بھی گئے گزرے ہیں؟ پہلے تو فرح گوگی اور جمیل گجر ملک چلاتے رہے، محسن نقوی ایک صحافی اور قابل آدمی ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کا نام پی ڈی ایم جماعتوں نے مشاورت کے بعد دیا ہے، محسن نقوی پر اعتراض، نہ عمران خان نہ پاکستان اور نہ ہی چیف الیکشن کمشنر کے حق میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی الیکشن مہم کی قیادت کریں گے، وزارت عظمیٰ کے امیدوار نواز شریف خود یا جسے وہ چاہیں گے وہ ہوگا۔
نقیب اللہ قتل کیس کے فیصلے سے متعلق سوال پر رانا ثنا نے جواب دیا کہ عدالتی فیصلے سے اتفاق نہ کرنے والے اگلی عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو ثبوت کی بنیاد پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے، بظاہر کچھ نظر آتا ہے مگر لوگ گواہی نہیں دیتے، سمجھوتہ کرلیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عدالت کے فیصلے پر اعتراض ہے تو ہائیکورٹ میں اپیل کی جائے۔