پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سندھ کے صدر علی زیدی نے اپنے پارٹی کارکنوں کو تڑی لگاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں جو کارکن اور عہدے دار گھر بیٹھا رہا اسے فارغ کر دیں گے۔
علی زیدی نے حیدرآباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے، لاہور اور اس کے ملحقہ علاقے کے کارکنوں کو تاکید کر دی گئی ہے کہ وہ زمان پارک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں جو کارکن اور عہدے دار گھر بیٹھا رہا تو وہ پی ٹی آئی کا حصہ نہیں ہوگا۔
علی زیدی نے سوال کیا کہ کیا فواد چوہدری کلبھوشن سنگھ ہے جو اس کے منہ پر کپڑا ڈال کر اسے عدالت لے گئے؟
دوسری جانب رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے بھی پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو زمان پارک لاہور پہنچنے کی ہدایت دے دی ہے۔
گزشتہ شب سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کی افواہ پھیلی لیکن صبح فواد چوہدری کو گرفتار کیا گیا۔