پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر روکا گیا۔
لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کہا کرتے تھے ڈالر کی قدر 200 سے نیچے لائیں گے۔ آج مارکیٹ میں ڈھائی سو روپے میں ڈالر نہیں مل رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر 260 روپے میں بک رہا ہے، پتا نہیں مزید کتنا آگے جائے گا، ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر روکا گیا۔ آج تاریخ کی بدترین مہنگائی سے پاکستان کے عوام نبرد آزما ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر روکا گیا، تباہی کا سلسلہ اس وقت تک نہیں رکے گا جب تک ملک الیکشن کی طرف نہیں جائے گا۔
پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ سے متعلق بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ کا ماضی گواہ ہے کہ وہ غیرجانبدار وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ گزر چکا، گورنر نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
اسد عر نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا کے گورنر نے بھی الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ جان بوجھ کر آئین کو مجروح کرنے والا غداری کا مرتکب ہوتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔