وزیر اعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے پشاور دھماکے کی مذمت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے اور دہشت گرد ملک کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے اور ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور پولیس لائنز دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کا سرگرم ہونا خطرناک ہے۔ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشتگردی کی نرسریوں کو تباہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشتگردی کی وارداتیں باعث تشویش ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے ہمیں انٹیلیجنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور پولیس فورسز کو مناسب طریقے سے اسلحہ سے لیس کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور تعزیت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔