وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق کی کمر میں خنجر گھونپنے والے نہ گھر کے رہے نہ باہر کے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پارٹی کو کالی بھیڑوں اور سازشیوں سے پاک کریں گے۔چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ سچ جیت گیا اور جھوٹ، فسطائیت ہار گئی، چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں مسلم لیگ ق کا ہر کارکن متحد ہے۔
"اور فرماؤ کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا بےشک باطل کو مٹنا ہی تھا."
اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اُس پاک ذات نے ہمیں سرخرو کیا.
چودھری شجاعت حسین صاحب پارٹی کے پہلے بھی صدر تھے اور اب الیکشن کمیشن نے بھی مہر ثبت کر دی ہے.— Salik Hussain (@ChSalikHussain) January 31, 2023
انہوں نے کہا کہ کارکنوں اور عوام کی توقعات و امیدوں پر پورا اتریں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے معاملے پر فیصلہ سنا دیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر برقرار ہیں۔