عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ابتداء کے بارے میں جاننے کے لیے کام اب بھی جاری ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا ہے کہ یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کے آغاز کی نشاندہی کرنے کے کسی منصوبے کو ترک نہیں کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق کئی موقعوں پر چین کے اعلیٰ رہنماؤں سے بات چیت کی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حال ہی میں امریکی ایجنسی نے کورونا وائرس چینی لیبارٹری سے ممکنہ طور پر لیک ہونے کا دعویٰ کیا تھا جو چین کی جانب سے رد کردیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی عہدیدار نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے کورونا کے اصل ابتدائی مقام کا اندازہ لگانے کی رپورٹس پر اضافی معلومات شیئر نہیں کیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں سیکڑوں افراد کی موت ہوئی تھی جبکہ کچھ ممالک میں اب بھی اس وبائی بیماری پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا ہے۔