پاکستان میں رواں برس کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا

18  مارچ‬‮  2023

پاکستان میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس صوبہ خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوا ہے جہاں متاثرہ 3 سالہ بچے کا تعلق ضلع بنوں سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ کیس ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی (ایف اے ڈی) اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے وفود پولیو کے خاتمے کی کوششوں کا تجزیہ کرنے کے لیے ملک میں موجود ہیں۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفود نے وفاقی وزیر صحت سے ملاقات بھی کی۔

ملاقات کے دوران سماجی تحفظ اور صحت سے متعلق بالخصوص پولیو کے خاتمے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ کیا 3 سالہ متاثرہ بچے کے والدین نے پولیو پلانے سے انکار کردیا تھا یا بچے کو پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے۔

ڈاکٹر شہزاد بیگ نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ بچہ مکمل طور پر محفوظ نہیں تھا جس کی وجہ سے وائرس سے بچے پر حملہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پانچ ماہ کے بعد یہ رواں سال کا پہلا پولیو کیس ہے، محکمہ صحت کے حکام نے رمضان اور عید کے دنوں میں قبائلی اضلاع میں شہری علاقوں میں نقل و حرکت کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

حکام 10 اپریل سے قبائلی اضلاع میں ویکسی نیشن مہم کی منصوبہ بنانے پر غور کررہی کیونکہ اس وقت سیکیورٹی اہلکار ڈیجیٹل مردم شماری میں مصروف ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ جنوبی خیبرپختونخوا میں 7 اضلاع ہیں جن میں ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، ٹانک، بنوں، جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان شامل ہیں جہاں یہ وائرس موجود ہے، ان علاقوں میں ویکسی نیشن مہم میں شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ یہ علاقے 2022 میں بھی پولیو وائرس کا مرکز تھے، جہاں گزشتہ سال 20 کیسز جنوبی خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے تھے، ان میں سے 17 متاثرہ بچوں کا تعلق شمالی وزیرستان، 2 کا تعلق لکی مروت اور ایک کا جنوبی وزیرستان سے تھا۔

مارچ میں جہاں سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں پولیو مہم چلائی گئی وہیں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مہم شروع نہیں کی جاسکی کیونکہ کئی سیکیورٹی اہلکار ڈیجیٹل مردم شماری میں مصروف ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved