پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین فرنچائز لاہور قلندرز نے ساتویں ایڈیشن کے لیے اپنے نئے کپتان کا اعلان کردیا ہے۔
لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کے مطابق فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز نئے کپتان ہوں گے۔عاطف رانا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ ہمارے سفر کا ایک اہم دن ہے، ہم نے ینگ ٹیلنٹ کو پروموٹ کرنے کا عزم کیا تھا اسی لیے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کرایا۔ ہماری کوشش نوجوانوں کو موقع دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے آج سب سے زیادہ خوشی ہو رہی ہے۔
اس موقعے پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، لاہور قلندرز ٹیم نہیں ہے یہ فیملی ہے۔ یہ میرے لئے ایک بہت بڑا موقع ہے۔ اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم ٹورنامنٹ میں سو فیصد پرفارم کریں گے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ فاسٹ بولرز اچھا کپتان ثابت ہو سکتا ہے، کوشش کریں گے کہ تبدیلی لے کر آئیں، سب سے سیکھنے سے کوشش کروں گا، میرے لیے لاہور قلندرز کی کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ کسی کرکٹر کو اتنی جلدی گروم ہوتا نہیں دیکھا، اچھی سوچ اور اچھے انسان ہیں، ایسے لوگ ہی لیجنڈ بنتے ہیں،میرے لیے آج بہت خوشی کا دن ہے۔