ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو پاکستان میں متعارف کرا دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سبسکرپشن سروس کو 24 مارچ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعارف کرایا گیا اور اب آپ پیسوں کے عوض ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک حاصل کر سکتے ہیں۔
پاکستان میں ویب ورژن کے صارف 2250 روپے ماہانہ ادا کرکے ٹوئٹر بلیو کے صارف بن سکتے ہیں، البتہ سالانہ فیس ادا کرنے پر کمپنی کی جانب سے رعایت دی جائے گی۔
ٹوئٹر کے ویب ورژن میں ٹوئٹر بلیو کا آئیکون سائیڈ بار میں موجود ہے۔
ٹوئٹر بلیو کے آئیکون پر کلک کرنے پر بتایا جاتا ہے کہ اس سبسکرپشن سروس کا حصہ بننے پر بلیو چیک مارک، طویل ویڈیوز کو پوسٹ کرنے، نئے فیچرز تک سب سے پہلے رسائی، ٹوئٹ کو ایڈٹ کرنے، این ایف ٹی پروفائل پکچرز اور 1080p ویڈیو اپ لوڈ سمیت دیگر سہولیات صارفین کو دستیاب ہوں گی۔
اسی طرح ماہانہ اور سالانہ فیس کا پلان بھی دیکھ سکتے ہیں اور اس کے نیچے سبسکرپشن کا بٹن دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خریدنے کے بعد نومبر 2022 کے شروع میں ٹوئٹر بلیو سروس کو متعارف کرایا تھا مگر سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے ناموں کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔
بعد ازاں 12 دسمبر 2022 کو اسے کچھ تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ پیش کیا گیا۔