برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی وزیراعظم سے ملاقات، اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا

4  اکتوبر‬‮  2021

اسلام آباد– 4اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ حکومت ملک میں انصاف و قانون کی بالادستی مکمل طور پر قائم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے،معاشرے کی ترقی کےلئے ضروری ہے کہ معاشرے کے ہر طبقے کی ترقی پر توجہ دی جائے۔

وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے برطانیہ کے ممبرانِ پارلیمنٹ نے ملاقات کی جس میں لارڈ واجد خان، ناز شاہ اور محمد یاسین شامل تھے۔وفد نے وزیرِ اعظم کو اسلامو فوبیا پر آواز بلند کرنے اور ریاستِ مدینہ کی طرز پر پہلی دفعہ معاشی و سماجی طور پر پسماندہ طبقات کیلئے سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت کے اقدامات اٹھانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسکے علاوہ آزاد کشمیر میں نو منتخب حکومت کے عوامی فلاح کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی ۔ملاقات میں موجودہ حکومت کے مختلف اقدامات، عوام دوست پالیسیوں اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نظام حکومت کے حوالے سے ہمارا ماڈل ریاست مدینہ ہے،فلاحی ریاست اور قانون کی بالادستی ریاستِ مدینہ کے سنہری اصول تھے۔وزیرِ اعظم نےکہا کہ حکومت ملک میں انصاف و قانون کی بالادستی مکمل طور پر قائم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے،معاشرے کی ترقی کےلئے ضروری ہے کہ معاشرے کے ہر طبقے کی ترقی پر توجہ دی جائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved