پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ورلڈ کپ کے ان کے میچز بھارت سے غیرجانب دار مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ کے میچوں کا شیڈول یا مقامات کی فہرست جاری کرنے میں ناکام ہوا ہے جبکہ ورلڈ کپ اکتوبر میں شروع ہوگا۔
ورلڈ کپ کے آغاز کے لیے 6 ماہ سے کم عرصہ رہ گیا ہے لیکن تاحال صورت حال غیرمعمولی رخ اختیار کرچکی ہے۔
بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یقینی بنانے کے لیے اقدامات تاحال واضح نہیں ہے جبکہ دونوں روایتی حریف ممالک کے کرکٹ بورڈ اپنے اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سفارتی سطح پر دونوں ممالک کے حالات خوش گوار نہیں ہیں۔