پی سی بی نے آئی سی سی کے ریونیو ماڈل پر وضاحت طلب کرلی

16  مئی‬‮  2023

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے مجوزہ نئے ریونیو ڈسٹری بیوشن ماڈل سے خوش نہیں ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ آئی سی سی کو یہ بتانا چاہیے کہ یہ اعداد و شمار کیسے طے ہوئے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ جہاں یہ صورتحال کھڑی ہے ہم اس سے خوش نہیں ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ جون میں آئیں، جب تک یہ تفصیلات ہمیں فراہم نہیں کی جاتیں، ہم اسے منظور نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے پہلے ہی آئی سی سی سے وضاحت طلب کی تھی کہ اس کی فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی نے شیئر کا تعین کیسے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود بھی کہ تمام ممالک زیادہ رقم حاصل کریں گے، کم از کم دو ممالک آئی سی سی کے اس ماڈل سے ناخوش ہیں اور مزید تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ اصولی طور پر بھارت کو زیادہ رقم ملنی چاہیے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے لیکن یہ اعداد و شمار کس طرح پیش کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے 2024-27 تک کرکٹ سائیکل کے لیے ایک نیا ریونیو شیئرنگ ماڈل تجویز کیا ہے جس پر جون میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں ووٹنگ کی جائے گی۔

 اعداد و شمار کے مطابق اس روینیو میں بھارت 38.5 فیصد کا دعوی کرے گا جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا بالترتیب 6.89 فیصد اور 6.25 فیصد حصہ حاصل کریں گے، تاہم پاکستان کو آئی سی سی کی متوقع آمدنی کا 5.75 فیصد حصہ ملنا ہے۔

آئی سی سی کے 12 فل ممبران کو مجموعی طور پر 88.81 فیصد حصہ دیا جائے گا جبکہ باقی 96 اس کےایسوسی ایٹ ممبران میں تقسیم کیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت آئی سی سی کی آمدنی کا 80 فیصد پیدا کرتا ہے اور ڈزنی اسٹار نے بھارتی مارکیٹ کے لیے 2024-27 کے میڈیا حقوق حاصل کرنے کے لیے گزشتہ سال 3 ارب ڈالر خرچ کیے تھے۔

تاہم آئی سی سی کی طرف سے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved