وہ فلمیں جن میں شاہ رخ خان نے کام کرنے سے انکار کر دیا، لیکن وہ سپرہٹ ثابت ہوئیں

23  دسمبر‬‮  2021

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی شہرہ آفاق فلموں، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، دل تو پاگل ہے، بازی گر، کوئلہ اور دیوداس کے بارے میں تو سبھی جانتے ہیں، جنہوں نے انہیں بالی وڈ بادشاہ کا ٹائٹل دینے میں اہم کردار ادا کیا، لیکن ہم آپ کو کچھ ایسی فلمیں بھی بتائیں گے جس میں کام کرنے سے شاہ رخ خان نے انکار کر دیا، لیکن وہ سپرہٹ ثابت ہوئیں۔

منا بھائی ایم بی بی ایس

اس فلم کے متعلق اگر کہا جائے کہ اس نے سنجے دت کے کیریئر کو ایک نئی جان بخشی تو یہ غلط نہ ہو گا، سنجے دت خود بھی اسے اپنے کیریئر کی کامیاب ترین فلم قرار دیتے ہیں، اسی لئے بعد میں اس کا سیکوئل بھی کیا گیا۔

 

منا بھائی ایم بی بی ایس کے متعلق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس فلم کے مرکزی کردار یعنی منا بھائی کیلئے پہلےشاہ رخ خان کو آفر کی گئی تھی، اور سنجے دت کو ظہیر کا کردار آفر کیا گیا تھا، لیکن شاہ رخ کے انکار کے بعد اس کے مرکزی کردار کیلئے سنجے دت کو منتخب کیا گیا۔

تھری ایڈیئٹس

 

مسٹر پرفیکٹ عامر خان اس فلم کو اپنی یادگار ترین فلم قرار دیتے ہیں، اور اس فلم نے باکس آف پر بھی ریکارڈ بزنس کیا، اس فلم کے ڈائریکٹر ونود چوپڑا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اس فلم کیلئے پہلے شاہ رخ خان کا انتخاب کیا تھا، لیکن انہوں نے اپنا شیڈول متاثر ہونے کے باعث اس کردار کیلئے انکار کر دیا تھا۔

ایک تھا ٹائیگر

 

بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی اس شہرہ آفاق فلم کیلئے بھی پہلے شاہ رخ خان کو آفر کی گئی تھی، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انہیں اس کا سکرپٹ بھی پسند تھا، لیکن جب تک ہے جان کی شوٹنگ میں مصروفیت کی وجہ سے انہوں نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ دونوں فلموں میں کترینہ کیف نے بطورہیروئین کام کیا تھا، بعد ازاں یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ شاہ رخ خان پاکستان مخالف کردار میں کام کرنا پسند نہیں کرتے۔

جودھا اکبر

 

ہریتک روشن کی اس یادگار فلم میں اکبر کے کردار کی آفر بھی پہلے شاہ رخ خان کو ہوئی تھی، لیکن انہوں نے بچوں کے ساتھ چھٹیاں منانے کی وجہ سے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ فلم اتنی سپر ہٹ ہوئی تھی کہ ہریتک روشن کو فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

لگان

 

عامر خان کی ابتدائی یادگار فلموں میں سے ایک فلم لگان ہے، فلم کے ہدایت کار آسوتوش گواریکر فلم کے مرکزی کردار بھون کے کردار کیلئے شاہ رخ خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے، لیکن شاہ رخ نے اس فلم سے  نہ صرف انکار کیا، بلکہ آسوتوش کو مشورہ بھی دیا کہ اس میں   عامر خان  کو کاسٹ کیا جائے۔

سلم ڈاگ میلینئر

 

اس فلم میں پریم کمار کا کردار پہلے شاہ رخ خان کو آفر کیا گیا تھا، لیکن کنگ خان کا کہنا تھا کہ اس کردار کو بدتمیز، دھوکے باز اور لالچی کے طور پر دکھایا گیا ہے، اس لئے انہوں نے یہ فلم کرنے سے معذرت کر لی، بعد ازاں ان کی جگہ انیل کپور کو سائن کیا گیا، اور اس فلم نے بھی باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا۔

رنگ دے بسنتی

 

شاہ رخ خان نے ایسی کئی فلموں میں کام سے انکار کیا جو بعد میں مسٹر پرفیکٹ عامرخان کے حصے میں آئی،ں جن میں ایک فلم رنگ دے بسنتی بھی ہے۔ شاہ رخ خان کے انکار کے بعد ہدایت کار راکیش اوم پرکاش مہرا  نے عامر خان کو یہ رول آفر کیا، یہ فلم بھی بعد میں اتنی کامیاب ہوئی کہ اسے بڑے ایوارڈ شوز میں نامزد کیا گیا، جس میں گولڈن گلوب اور آسکر ایوارڈ بھی شامل ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved