منی لانڈرنگ کیس، جیکولین فرننڈس اور نورا فتحی کے کروڑوں کے تحائف ضبط، مزید کاروائی بھی ہوگی

23  دسمبر‬‮  2021

بھارتی اداکارہ جیکولین فرننڈس کے بھتہ خوری کے ملزم شیکھر سے لئے گئے کروڑوں کے تحائف ضبط کر لئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ کیس کے مرکزی ملزم چندر شیکھر کے روابط سے ملنے والی کڑیوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ رواں مہینے اس کیس میں ایک بڑی پیش رفت اس وقت ہوئی تھی جب بالی وڈ کی دو خوبرو اداکاراؤں جیکولین فرننڈس اور نورا فتحی نے شیکھر سے تحائف لینے کا اعتراف کیا تھا۔ اب اسے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہونے اور تحقیقات میں مزید پیش رفت کے بعد بھارتی ادارے نے جیکولین فرننڈس کے شیکھر سے لئے گئے تمام تحائف ضبط کرلئے ہیں، جن کی مالیت 10 کروڑ سے زائد ہے۔ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے تفتیش کار کا کہنا ہے کہ نوار فتحی کے بھی شیکھر سے لئے گئےتمام تحائف ضبط ہوں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چارج شیٹ میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ جیکولین فرننڈس نے شیکھر سے ڈیڑھ لاکھ امریکی  ڈالرز قرض کے ساتھ دیگر قیمتی تحائف لینے کا بھی اعتراف کیا ہے، اور یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ اس نے سونے کی  بالیاں اور ایک قیمتی ہار بھی ملزم سے تحفے میں وصول کیا تھا، اور اس کے علاوہ ان کے بیرون ملک سفر کیلئے پرائیوٹ جہازوں کا بندوبست اور بیرون ملک ہونے والے تمام اخراجات بھی شیکھر کی ذمہ داری تھی۔

چارج شیٹ کے مطابق دوران تفتیش نورا فتیحی نے اعتراف کیا کہ چندر شیکھر نے اسے بی ایم ڈبلیو تحفے میں دی تھی، اور اس کے ساتھ ایک آئی فون بھی بھجوایا تھا،  اورمرکزی ملزم شیکھر کے ساتھ اس کی اہلیہ لینا ماریا پال سمیت 6 دیگر افراد نے بھی اس منی لانڈرنگ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیکھر سے وصول کئے گئے تحائف ضبط ہونے کے علاوہ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کاروائی بھی کی جائے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved