انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء کا شیڈول اگلے 48 گھنٹے میں سامنے آنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ شیڈول سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ آفیشل نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔
بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا ہے کہ آئی سی سی حکام سے کل 11 جون بروز اتوار میٹنگ شیڈول ہے، جس کے بعد پیر تک ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کردیں گے۔
دوسری طرف بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ چنئی میں ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان کا میچ چنئی میں رکھا جائے گا۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے باقی میچز بنگلورو اور کولکتہ میں ہونے کا امکان ہے جبکہ ناک آؤٹ مرحملے میں رسائی کے بعد گرین شرٹس کا میچ نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہو گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 13واں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر کے درمیان بھارت میں کھیلا جائے گا۔