واٹس ایپ دنیا کا مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔
مگر صارفین ایک فون میں صرف ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ اس میں ایک ڈیوائس کے لیے ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ موجود نہیں۔
ایک فون میں 2 واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے ایپ کی سیکنڈری کاپی بنانا پڑتی ہے جو آسان کام نہیں۔
مگر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی یہ خامی اب دور ہونے والی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ کا فیچر متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ کا فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ بزنس بیٹا (beta) ورژن میں دیا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین ایک ہی فون میں کئی واٹس ایپ اکاؤنٹس پر لاگ ان ہو سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ بزنس کے ساتھ ساتھ ایپ کے ریگولر ورژن (یعنی آپ کے فون میں موجود واٹس ایپ) میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین واٹس ایپ سیٹنگز مینیو میں جاکر مختلف اکاؤنٹس پر سوئچ کر سکیں گے۔
یہ فیچر ان افراد کے لیے بہترین ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کو دفتری سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں، ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے وہ دفتری اور ذاتی زندگی کے لیے الگ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔
چونکہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں موجود ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوسکے گا۔