پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ہم چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے۔
ذکاء اشرف کی زیر صدارت پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی آمد پر ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی ذاکر خان اور دیگر افسران نے ذکاء اشرف کا بھرپور استقبال کیا۔ اجلاس کے آغاز پر منیجمنٹ کمیٹی کے تمام ممبران نے متفقہ طور پر ذکاء اشرف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ذکاء اشرف نے کرکٹ بورڈ کے معاملات میں شفافیت لانے کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
ذکاء اشرف نے کہا کہ ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کو اچھی سہولیات دیں گے تو اچھے کرکٹر سامنے آئیں گے، کرکٹ شائقین کے لیے سہولتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں چیف فنانس آفیسر نے پی سی بی کے بجٹ پر منیجمنٹ کمیٹی کو بریفنگ دی۔
اسٹیڈیمز کی تعمیر نو، ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ سمیت اہم امور پر بھی چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔
پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذکاء اشرف نے کہا کہ پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کا شکر گزار ہوں، ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ اختلافات نہیں ہونے چاہییں، ہم نے متحد ہو کر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔
ذکاء اشرف نے کہا کہ ہم چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے، ہم نے نجم سیٹھی کو بھی پیغام بھجوایا تھا، اعجاز بٹ کو ابھی اچھی طرح سے رخصت کیا، ہم سب نے مل کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔
ذکاء اشرف نے کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈکپ سمیت بہت سے معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے، ہم اپنی پوری توجہ کرکٹ اور کرکٹرز کی بہتری پر مرکوز رکھیں گے۔
کمیٹی ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے ذکاء اشرف کا کہنا تھا بین الاقوامی محاذ پر بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کرکٹ کو اس کا جائز حق دلوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے سب مل کر کام کریں، خواجہ ندیم مثبت آدمی ہیں، پہلے بھی ہمارے ساتھ مثبت طریقے سے چلے ہیں۔