فیس بک سمیت میٹا کی دیگر ایپس میں اے آئی چیٹ بوٹس کا اضافہ جلد متوقع

1  اگست‬‮  2023

میٹا کی جانب سے صارفین کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹس جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

فنانشنل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام سمیت میٹا کی دیگر سروسز میں اے آئی چیٹ بوٹس کا فیچر ستمبر تک متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں کمپنی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس نئی ٹیکنالوجی سے میٹا سروسز میں سرچ اور ریکومینڈیشنز سمیت کافی کچھ نیا ہو جائے گا۔

میٹا کی جانب سے مختلف موضوعات پر تفصیلات ان چیٹ بوٹس کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

ان چیٹ بوٹس سے میٹا کو مختلف سروسز میں صارفین کو زیادہ وقت تک روکنے میں مدد ملے گی جبکہ چیٹ جی پی ٹی اور گوگل بارڈ سے مقابلہ کرنا بھی ممکن ہوگا۔

اس سے قبل جون میں کمپنی کی جانب سے ملازمین کو چیٹ جی پی ٹی کی طرح کے ایسے چیٹ بوٹس پر مبنی ٹولز کی جھلک دکھائی گئی تھی جن کو واٹس ایپ اور میسنجر کا حصہ بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ مارک زکربرگ نے مارچ 2023 میں واٹس ایپ اور میسنجر کے لیے اے آئی چیٹ بوٹ تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ کمپنی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو سروسز کا حصہ بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا پراڈکٹ گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے۔

آغاز میں یہ بوٹس صارفین کے لیے تفریح کا ذریعہ ہوں گے مگر میٹا کی جانب سے بتدریج انہیں دیگر شعبوں کا حصہ بنایا جائے گا۔

مارک زکربرگ نے بتایا کہ جنریٹیو اے آئی میں گزشتہ سال ہونے والی پیشرفت کے باعث کمپنی کے لیے ممکن ہوگیا ہے کہ وہ اس ٹیکنالوجی کو اپنی تمام سروسز کا حصہ بنا دے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved