غلط کمانڈ کے باعث ناسا کا 46 سال سے خلا میں سفر کرنے والے وائجر 2 سے رابطہ منقطع

1  اگست‬‮  2023

امریکی ادارے ناسا کی جانب سے خلائی تاریخ کے مشہور ترین مشنز میں سے ایک وائجر 2 کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ حادثاتی طور پر ایک غلط کمانڈ کے باعث اس سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

ناسا کی جانب سے وائجر 2 سے 21 جولائی کے بعد سے رابطہ نہیں ہو سکا کیونکہ غلط کمانڈ کے باعث مشن کے انٹینا کا رخ زمین کی جانب نہیں رہا۔

وائجر 2 لگ بھگ 46 برسوں سے خلا میں سفر کر رہا ہے اور 2018 میں نظام شمسی کی حد سے باہر نکل گیا تھا۔

اس خلائی جہاز کو 1977 میں وائجر 1 سے 16 دن پہلے روانہ کیا گیا تھا مگر وہ اس کے بعد نظام شمسی کی حد سے باہر نکلا تھا۔

اس وقت وائجر 2،  35 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہا ہے اور زمین سے 12 ارب میل دور پہنچ چکا ہے۔

ناسا کے مطابق وائجر 2 سے رابطہ بحال کرنے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں اور آنے والے ہفتوں میں خلا کے اس حصے میں سگنلز بھیجے جائیں گے جہاں وائجر 2 موجود ہے۔

امریکی ادارے کو توقع ہے کہ ایسا کرنے سے درست کمانڈ مشن تک پہنچ جائے گا اور اس کے انٹینا کا رخ زمین کی جانب ہو جائے گا۔

البتہ اگر پھر بھی کوئی کامیابی نہ ہوئی تو پھر اکتوبر تک انتظار کیا جائے گا، جب خلائی جہاز کا سسٹم خودکار طور پر ری بوٹ ہوگا جس سے انٹینا کا رخ زمین کی جانب ہونے کا امکان ہے۔

اس وقت تک وائجر 2 پہلے سے طے شدہ راستے پر اپنا سفر جاری رکھے گا۔

دہائیوں کے سفر کے دوران اس خلائی جہاز نے نظام شمسی کی چند یادگار تصاویر کھینچی ہیں۔

وائجر 1 اور 2 کی زندگی سائنسدانوں کی توقعات سے زیادہ رہی ہے اور آغاز میں خیال کیا جا رہا تھا کہ لانچ کے 4 سال کے اندر ان کا سفر اختتام پذیر ہو جائے گا۔

وائجر پراجیکٹ کی صدر Linda Spilker نے اپریل 2023 میں بتایا تھا کہ دونوں خلائی جہاز سورج سے جتنی دور ہوتے جائیں گے، ان کا سائنسی ڈیٹا اتنا زیادہ قیمتی ہوتا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم یقیناً جب تک ممکن ہوا ان کی زندگی برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

سائنسدانوں کی جانب سے دونوں خلائی جہازوں کی زندگی کو بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں مگر ان کا ماننا ہے کہ وہ اپنے اختتام کے قریب ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved