سرینا ہوٹل اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیراہتمام ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن حمزہ خان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 37 برس بعد پاکستان کو جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جتوانے والے حمزہ خان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائیر وائس مارشل کاظم حماد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے حمزہ خان اور اس کے اہل خانہ کو تاریخی جیت پر ٹرافی پیش کی۔
اس موقع پر کیپٹن ظفریاب خان کا کہنا تھا کہ حمزہ خان نے اپنے کیریئر کے دوران انتہائی کم عمری میں بڑی مشکلات کا سامنا کیا، اور محنت سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حمزہ خان نے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی، اور اپنے حریف مصر کے محمد ذکریا کو 3-1 سے شکست دی تھی۔
یہ پاکستان کو جونیئر اسکواش میں 37 برس بعد ملنے والی بڑی کامیابی ہے، حمزہ سے قبل 1986 میں جان شیر خان نے یہ ٹائٹل جیتا تھا۔
حمزہ کی تاریخی کامیابی کے اعتراف میں وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے ملاقات کی، اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حمزہ خان جیسے باصلاحیت نوجوان ہماری قوم کا فخر اور سرمایہ ہیں۔