پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کیلئے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کے اعلان کے مطابق ریحان الحق کو ٹیم منیجر، مکی آرتھر کو ڈائریکٹر، گرانٹ بریڈبرن کو ہیڈ کوچ، اینڈریو پٹک کو بیٹنگ کوچ اور مورنی مورکل کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے فیلڈنگ کوچ کیلئے آفتاب جبکہ عبدالرحمان کو بطور اسسٹنٹ کوچ سپورٹ اسٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ڈریکس سائمن کو کنڈیشنگ کوچ، کلف ڈیکن کو فزیو تھراپسٹ اور احسن افتخار کو میڈیا منیجر جبکہ بطور سائیکالوجسٹ مقبول احمد بابر کو بھی ٹیم سپورٹ اسٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 50 اوورز پر مشتمل ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے میچ سے ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ 2008 کے بعد پاکستان کسی ملٹی نیشنل ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ ایشیا کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے دو میچ ہمبنٹوٹا میں 22 اور 24 اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 26 اگست کو کولمبو میں ہوگا۔