آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جو کوشش بھی کرتے ہیں، مریم نواز اس پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا فوج کے خلاف بات کر نا ستم ظریفی ہے، یہ وہ فوج ہے جس نے جانوں کی قربانی دی ان کے خلاف بیان دے رہے ہیں کیونکہ فوج جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، انہیں جلد یا بدیر اس کا جواب دینا ہوگا، آج ن لیگ جہاں کھڑی ہے اس کی وجہ بھی مریم ہے۔
پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی موجودہ صورتحال، الیکشن کیلئے نئی الائنمنٹ ہے
آئندہ عام انتخابات کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دو سال بعد جب الیکشن ہوں گے تو میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی موجودہ صورتحال کو الیکشن کیلئے ایک نئی الائنمنٹ دیکھ رہا ہوں، میں عمران خان کا ساتھی ہوں اس کے ساتھ آیا ہوں اسی کے ساتھ جاؤں گا۔
فوج میں تقرریاں اور تبادلے معمول کا کام ہے
فوج میں ہونے والی تقرریوں کے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جرنیلز کے تقرر اور تبادلے معمول کا کام ہیں لیکن ہم ریاستی اداروں کو نشانہ بنائیں تو یہ غیر ذمہ داری کی انتہا ہے ۔ساری دنیا میں ایسا ہوتا ہے کہ فوج آفات میں کام کرتی ہے، برطانیہ میں بھی پٹرول سپلائی کیلئے ڈرائیور نہ ہونے پر فوج کو بلایا گیا تھا۔
نوازشریف مفاہمت کی ٹرین چھوڑ چکے ہیں
نواز شریف کے مفاہمت کے ارادے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ ان کا وقت گزر کیا اور وہ ٹرین چھوڑ چکے ہیں اور ایکسپریس ٹرین مسافروں کا انتظار نہیں کرتی۔