خاتون کھلاڑی کا بوسہ لینے پر صدر اسپینش فٹبال فیڈریشن کیخلاف کارروائی کا آغاز

24  اگست‬‮  2023

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ویمنز ورلڈکپ  جیتنے کے بعد اپنی ٹیم کی کھلاڑی کا بوسہ لینے کے معاملے پر  اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر لوئیس روبیالس کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا۔

خیال رہے کہ اتوار 20 اگست کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ فیفا ویمن ورلڈکپ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسپین کی ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

ورلڈکپ فائنل کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس سے جب ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو ملنے آئیں تو انہوں نے پہلے کھلاڑی کو گلے لگایا اور  پھر بوسہ لے لیا جس پر شدید تنقیدکی جا رہی ہے۔

خاتون پلیئر جینی ہرموسو نے بھی فیڈریشن کے صدر کے اس عمل پر ناپسنديدگی کا اظہار کیا تھا۔

بعد ازاں فیڈریشن کے صدر نے معافی مانگ لی اور کہا  کہ ’مجھے اس بات کا اعتراف کرنا پڑےگا کہ میرا عمل بالکل غلط تھا، البتہ میری نیت بری نہیں تھی، اس وقت میں کافی پرجوش تھا، اس وقت  یہ نارمل لگا لیکن بعد میں مسئلہ پیدا ہوگیا، مجھے معافی مانگنی چاہیے اور اس واقعے سے سیکھنا چاہیے، مجھے یہ سمجھنا ہوگا کہ جب آپ صدر کے منصب پر ہوں تو آپ کو زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ ‘

تاہم لوئس روبیالس کی معافی کے باوجود ان پر تنقید کا سلسلہ نہ تھم سکا، اس حرکت پر ہسپانوی وزرا نے بھی انہیں تنقیدکا نشانہ بنایا۔

اب فیفا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ اس حوالے سے دیکھا جائےگا کہ آیا یہ عمل فیفا کے نظم و ضبط اور برتاؤ سے متعلق آرٹیکل 13 کے خلاف ہے یا نہیں۔ فیفا کا کہنا ہےکہ وہ ہر فرد کی آزادی اور خود مختاری  کے حق پر سختی سے قائم ہے اور اس کے برعکس کی جانے والی کسی بھی حرکت کی شدید مذمت کرتی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved