خاتون فٹبالر کا بوسہ لینے کے معاملے میں فیفا کی جانب سے معطل کیے جانے والے ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس کی والدہ ان کی حمایت میں سامنے آگئی ہیں اور انہوں نے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
ہسپانوی پروسیکیوٹرز نے روبیالس کیخلاف جنسی حملے کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جس میں معاملے کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے گا۔
تحقیقات شروع ہوتے ہی ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس کی والدہ بھوک ہڑتال پربیٹھ گئیں۔
ہسپانوی میڈیا کے مطابق صدر اسپینش فٹبال فیڈریشن کی والدہ اینجلس بیجر نے خود کو ایک چرچ میں بند کرلیا ہے، ان کا مؤقف ہے کہ ’میرے بیٹے سے غیر انسانی رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ فیفا ویمنز ورلڈ کپ جیتنے کے بعد جشن کے دوران صدر اسپینش فٹبال فیڈریشن روبیالس نے ویمن فٹبالر جینی ہرموسو کا بوسہ لے لیا تھا جس پر کافی تنقید کی گئی تھی۔
میچ کے بعد اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں فٹبالر جینی ہرموسو کا کہنا تھا کہ بوسہ لینے سے قبل ان سے اجازت نہیں لی گئی اور انہیں یہ اچھا نہیں لگا۔
روبیالس نے عہدے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد فیفا نے انہیں معطل کر دیا تھا۔