منشیات کیس سے آریان خان کی ضمانت اور جیل سے رہائی کے بعد بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے زیرالتوا فلم کی شوٹنگز مکمل کرنے اور فلمی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی جریدے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان بہت جلد سلمان خان اور کترینہ کیف کی نئی آنے والی فلم ٹائیگر 3 کے ایک خصوصی سین کی شوٹنگ کیلئے ممبئی کے یاش راج اسٹوڈیو کا دورہ کریں گے، ان کیلئے 12 روز کا شیڈول طے کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد شاہ رخ خان اپنی نئی آنے والی فلم پٹھان کی شوٹنگ کیلئے بیرون ملک جائیں گے، جہاں اس فلم کی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے ساتھ گانے اور فلم کے کچھ سین شوٹ کئے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنے نامکمل پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے بھی متعلقہ پروڈکشن کمپنیوں کو تیاری کا گرین سگنل دے دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کنگ خان نے شوبز کی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان بیٹے کی گرفتاری پر اتنے دلبرداشتہ تھےکہ انہوں نے کمرشل اشتہارات اور فلموں سمیت تمام پراجیکٹس پر کام روک دیا تھا، میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے، یہاں تک کہ انہوں نے 4 روز صرف کافی پی کر گزارا کیا تھا، لیکن اب آریان خان کو جیل سے رہائی اور ہفتہ وار حاضری سے استثنیٰ ملنے کے بعد وہ پُرسکون ہو گئےہیں۔