ایشیا کپ ون ڈے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
افغانستان ٹیم سری لنکا کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 289رنز بناسکی۔
جیت کے ساتھ ہی گروپ بی میں ٹاپ کرتے ہوئے 4 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا بنگلادیش کے ساتھ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا۔
دونوں ٹیمیں اب تک ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں سری لنکا کو فتح جب کہ اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو بنگلادیش سے شکست ہوئی تھی۔
سری لنکا کی اننگز
افغانستان کے خلاف سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا رہا، دونوں اوپنرز کے درمیان 63 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، تاہم پھر کرونارتنے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد نیسنکا بھی 41 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کو تیسرا نقصان ساماراوکرما کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ صرف 3 رنز بناسکے۔تاہم اس کے بعد کوشل مینڈس اور آسالنکا کے درمیان 102رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
لیکن پھر آسالنکا 36 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد ڈی سلوا بھی 14 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے، ایسے میں کوشل مینڈس نے ذمہ درانہ اننگز کھیلی لیکن وہ بھی 92 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
اختتامی اوورز میں والیلاگے اور تھکشانا نے شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور291 رنز تک پہنچایا۔ والیلاگے نے 33 اور تھکشانا نے 28 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے 3، راشد خان نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔