واٹس ایپ کی جانب سے میسجنگ پلیٹ فارم میں مسلسل تبدیلیاں کی جاتی ہیں تاکہ صارفین کے استعمال کا تجربہ بہتر ہو سکے۔
مئی 2023 میں واٹس ایپ میں کی جانے والی ایک بہت بڑی تبدیلی کے بارے میں علم ہوا تھا۔
اس تبدیلی کے تحت ٹیلی فون نمبر کے متبادل کے طور پر یوزر نیم کا استعمال کرنے کا عندیہ ملا تھا۔
مگر اس کے بعد اس نئے فیچر کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی تھیں مگر اب اس میں پیشرفت ہوئی ہے۔
ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی زیرملکیت ایپ کی جانب سے اس فیچر میں پیشرفت کی گئی ہے اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا (beta) ورژن میں اس فیچر کو متعارف کرایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مئی میں یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں نظر آیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر کے تحت پروفائل سیٹنگز میں ایک نئے سیکشن کا اضافہ کیا جائے گا جہاں صارفین اپنے پسند کے یوزر نیم کا انتخاب کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق صارف کو اختیار ہوگا کہ وہ یوزر نیم کا انتخاب کریں یا نہ کریں اور ہر یوزر نیم مختلف ہوگا۔
اس تبدیلی کے بعد بھی واٹس ایپ اکاؤنٹس فون نمبر سے ہی لنک ہوں گے مگر دیگر افراد سے بات چیت کے لیے فون نمبر دینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس کی بجائے صرف یوزر نیم شیئر کرکے بھی صارفین سے بات چیت کرنا ممکن ہو جائے گا۔
آسان الفاظ میں فون نمبر یا کیو آر کوڈ کی بجائے صارف کے یوزر نیم سے اسے تلاش کرنا ممکن ہو جائے گا۔
یعنی اس سے صارفین کی پرائیویسی میں زیادہ اضافہ ہوگا اور فون نمبر اجنبی افراد کے ہاتھوں تک نہیں پہنچ سکیں گے۔
فی الحال یہ فیچر آئی او ایس ایپ کے بیٹا ورژن میں دیا گیا ہے۔
تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک یوزر نیم کا فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا مگر حالیہ مہینوں میں اہم فیچرز کے اضافے کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ بہت جلد اسے بھی صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔