رضوان کے گراؤنڈ میں نماز ادا کرنے پر بھارتی وکیل نے آئی سی سی کو شکایت کردی

16  اکتوبر‬‮  2023

بھارتی وکیل وینیت جندال نے اسپورٹس پریزینٹر زینب عباس کے بعد اب پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی طرف اپنی توپوں کا رُخ کرلیا۔

وینیت جندال نے آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ میں گراؤنڈ کے اندر نماز ادا کرنے پر محمد رضوان کے خلاف آئی سی سی کو شکایت کردی۔

بھارتی وکیل کی جانب سے اپنی درخواست میں لکھا گیا کہ محمد رضوان کا اسٹیڈیم میں نماز پڑھنا کھیل کی روح اور آئی سی سی کے ضوابط کے منافی ہے۔

بھارتی وکیل نے لکھا کہ رضوان نے نماز ادا کرکے ظاہر کیا کہ وہ مسلمان ہیں جس سے کھیل کی روح کو شکست ہوئی ہے، رضوان نے اس وقت نماز ادا کی جب ٹیم کے دوسرے کھلاڑی وقفے کے دوران پانی کا انتظار کر رہے تھے۔

جندال کا مؤقف ہے کہ رضوان نے  اپنی جیت کو غزہ کے لوگوں کے نام کیا جس سے ان کا مذہب اور نظریات ظاہر ہوتے ہیں، آئی سی سی نے سری لنکا کے خلاف میچ جیتنے کے بعد محمد رضوان کی طرف سے اس فتح کو غزہ کے لوگوں کے نام کرنے پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

درخواست میں مزید لکھا گیا ہےکہ 2021 میں محمد رضوان نے ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ جیتنے کے بعد گراؤنڈ میں نماز ادا کی جس پر سابق پاکستانی کرکٹر وقار یونس نے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگا کہ محمد رضوان نے ہندوؤں کے سامنے نماز پڑھی، کوئی بھی ایسا عمل جس سے کھیل کی روح کو نقصان پہنچے، حکام کی طرف سے اس کی مذمت کی جانی چاہیے۔

وینیت جندال نے آئی سی سی سے محمد رضوان کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ وینیت جندال نے پریزینٹر زینب عباس پر بھارت مخالف ٹوئٹ کرنے کا پروپیگنڈہ کیا تھا، وینیت نے زینب عباس کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت کی تھی۔

گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ ورلڈکپ کی پریزینٹر زینب عباس بھارت سے دبئی پہنچ چکی ہیں اور انہوں نے حفاظتی اقدامات کے تحت خود بھارت چھوڑا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved