فیفا ورلڈکپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کی راہ ہموار ہوگئی

31  اکتوبر‬‮  2023

فیفا مینز ورلڈکپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کی راہ ہموار ہوگئی۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق آسٹریلیا نے آخری لمحات میں 2034 کے مینز فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کی بولی جمع کروانے سے انکار کردیا۔

جس کے بعد سعودی عرب کو فیفا ورلڈکپ 2034 کی میزبانی ملنے کا راستہ صاف ہوگیا۔

فیفا کی جانب سے 31 اکتوبر  ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، آسٹریلیا کے بولی جمع نہ کروانے کے فیصلے کے بعد سعودی عرب  فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی کا واحد امیدوار رہ گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں ہوگا جبکہ مراکش، پرتگال اور اسپین 2030 کے ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے۔

فٹبال آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے فیفا مینز ورلڈکپ2034 کی میزبانی کیلئے بولی لگانے کا سوچا تھا لیکن منگل کو ڈومیسٹک گورننگ باڈی نے فیصلہ کیا کہ2034 کے بجائے ہم 2026 ویمنز ایشین کپ اور 2029 کے کلب ورلڈ کپ کیلئے بولیاں جمع کروائیں گے۔

یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بولی جمع کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

سعودی عرب پہلی مرتبہ فیفا مینز ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا۔

اس سے قبل سعودی عرب کو 2023 کے فیفا کلب ورلڈ کپ اور ایشیائی کپ 2027 کی بھی میزبانی مل چکی ہے۔

2026 کے فیفا ورلڈکپ سے یہ ٹورنامنٹ 48 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب ،مملکت کے اندر ہی2034 کے ایونٹ کے تمام میچوں کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لیے مکمل انتظامات کی یقین دہائی کرائی جائے گی۔

یہاں یہ بات بھی واضح کی جاتی ہے کہ سعودی عرب 2018 سے اب تک 50 سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے جس میں فٹبال، موٹر اسپورٹس، گولف، الیکٹرانک اسپورٹس، ٹینس اور گھڑ سواری کے ٹورنامنٹس شامل ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved