پاکستان کی بنگلادیش کیخلاف 7 وکٹوں سے کامیابی، سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار

31  اکتوبر‬‮  2023

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ میں خود کو شامل رکھا ہے۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔محمود اللہ 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان نے بنگلادیش کا 205 رنز کا ہدف با آسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے شامل تھے۔

بنگلادیش کے خلاف جیت پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں تیسری کامیابی ہے جبکہ ، پاکستان کے خلاف شکست کے بعد بنگلادیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش نے اب تک ورلڈکپ میں 7 میچز کھیلے ہیں، پاکستان کو 3 میں کامیابی ملی جبکہ بنگلادیش صرف ایک میچ جیت سکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اپنے بقیہ 2 میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے، آج کے اہم میچ میں پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔

امام الحق کی جگہ فخر زمان، محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ اسامہ میر نے آج کا میچ کھیلا۔

بنگلادیش کی اننگز

پاکستان کے خلاف بنگلادیش کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا،اوپنر تنزید حسن کو شاہین نے پہلے ہی اوور میں صفر پر چلتا کیا، بعدازاں نجم الحسین شنتو کو بھی شاہین نے 4 رنز بناکر آؤٹ کیا۔

حارث رؤف نے مشفق الرحیم کو پویلین لوٹایا، جبکہ افتخار احمد نے 45 رنز بنانے والے لٹن داس کو پویلین کی راہ دکھائی، بنگلادیش کی جانب سے 56 رنز بنانے والے محمود اللہ کو بھی شاہین نے آؤٹ کیا۔

اس کے علاوہ کپتان شکیب الحسن 43، توحید 7، مہیدی حسن 25، تاسکین احمد 6 اور مصتفیض الرحمان 3 رنز بناسکے، پوری بنگلادیش کی ٹیم 45.1 اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف نے 2، افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔

پاکستان کی اننگز

بنگلادیش کے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا، دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے درمیان شاندار 128 رنز کی شراکت داری بنی۔

تاہم پھر عبداللہ 69 گیندوں پر 68 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 16 گیندوں پر 9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ فخر زمان 74 گیندوں پر شاندار 81 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 26 اور افتخار احمد 17 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف 32.3 اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا۔

بنگلادیش کے مہیدی حسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاندار بیٹنگ کرنے پر پاکستان کے فخر زمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

پوائنٹس ٹیبل

آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت پہلے، جنوبی افریقا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

بنگلادیش کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آگیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved