اسرائیل نے غزہ کے انڈونیشین اسپتال پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ڈاکٹروں سمیت 12فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آرتھوپیڈک چیف ڈاکٹرعدنان البرش سمیت متعدد افراد اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ اسپتال سے نکلنےکی کوشش کرنے والوں پر بھی فائرنگ کی گئی، اسرائیلی فوج نے اسپتال کا گھیراؤ شروع کردیا، اسپتال کے اندر دھویں اور بارود سے لوگوں کا دم گھٹنے لگا۔
اس سے قبل شمالی غزہ میں ہی اسرائیلی فوج الشفا اسپتال تباہ کرچکی ہے، شدید زخمی 250 افراد کو اسپتال سے نکالا نہیں جاسکا تھا۔
نصائرات کیمپ میں رہائشی عمارتوں پر بمباری سے 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔
رفاح کے 2 گھروں پر حملوں میں 11 افراد شہید ہوئے جب کہ شہدا کی مجموعی تعداد 13 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔