کراچی: عائشہ منزل پر دکانوں میں لگنے والی آگ نے رہائشی فلیٹوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا

6  دسمبر‬‮  2023

  ضلع وسطی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب فرنیچر مارکیٹ کی دکانوں میں آگ  لگ گئی، آگ میزنائن فلور پر فوم کے گوداموں تک پہنچ گئی اور رہائشی فلیٹوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہیں، آگ کی زد میں  آکر ایک شخص  شدید زخمی ہوگیا۔ 

تفصیلات کے مطابق کراچی کے  ضلع وسطی میں عائشہ منزل کے قریب کثیرالمنزلہ عرشی سینٹر کے گراؤنڈ فلور پر واقع فرنیچر کی دکانوں میں  آگ لگ گئی جس نے میزنائن فلور پر فوم کے گدوں کے اسٹاک کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

آگ بجھانے کے لیے اسنارکل طلب کرلی گئی ہے، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آج بجھانے کی کوشش کررہی ہیں تاہم جائے حادثہ پر رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے ،جبکہ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ  فوم کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ لگنے سے متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان  پہنچا ہے، جبکہ کچھ رہائشی فلیٹ بھی متاثر ہوئے ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام  کے مطابق  آگ تیسرے درجے کی ہے جسے  بجھانے کے لیے  12 فائر ٹینڈر، 2 باؤزر اور 2 اسنارکل موجود ہیں۔

پاک بحریہ  کے ترجمان کے مطابق بحریہ کے فائر  ٹینڈر اور عملہ  بھی  جائے حادثہ پر پہنچ گیا ہے اور آگ پر قابو پانے میں بھرپور معاونت کررہا  ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ آگ پر قابو پانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ رہائشی عمارت سے لوگوں کونکال لیا گیا ہے۔ ۔

ایس ایس پی سینٹرل فیصل چاچڑ کے مطابق آگ کو پھیلنے سے روکنے کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں ، آگ جس دکان میں لگی ہے اس کے اوپر رہائشی فلیٹ ہیں۔

ذرائع کے مطابق آتش زدگی کے نتیجے میں کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہوچکا ہے، جبکہ  قریبی دکانوں  کے مالکان  سامان  نکال کر محفوظ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

آتش زدگی کےو اقعے کے پیش نظر واٹر کارپوریشن کے نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ریسکیو حکام  کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ہے جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول برنس وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔

ایم ایس سول اسپتال  کے مطابق زخمی کی شناخت 23 سالہ مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے جس کا جسم 100 فیصد جھلسا ہوا ہے اور اُس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

 گورنر و  نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عرشی سینٹر میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب  کرتے ہوئے شہریوں کے باحفاظت انخلا کو یقینی بنانے کی  ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے  بھی آتش زدگی کے واقعے کا نوٹس  لیتے ہوئے آگ پر  فوری قابو پانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے، اور کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو  جائے وقوعہ پر پہنچ کر  معاملے کی مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا  ہے کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر وقوعہ پر پہنچ کر سارے ریسکیو عمل کی خود مانیٹرنگ کریں اور آگ پر جلد سے جلد قابو پایا جائے تاکہ کوئی بڑا نقصان نہ ہو، لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقام تک پہنچایا جائے۔

وزیراعلیٰ  نے فائربریگیڈ کی مزید گاڑیوں کو جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کا حکم دیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved