وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے 2 مارچ 2021ء کو ہواوے کمپنی کے اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں فائیو جی سروسز کی لانچنگ کیلئے دسمبر 2022ء کا ہدف مقرر کیا تھا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام لوگوں تک موبائل رابطوں اور انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کیلئے کام کررہے ہیں، ہواوے کا مکمل فوکس خطے میں فائیو جی نیٹ ورکنگ کے استعمال اور فروغ پرہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سافٹ ویئر بورڈ اور اسٹاک ایکسچینج کے درمیان کی گئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں، جس کا مقصد پی ایس ایکس مین بورڈ اینڈ جی ای ایم بورڈ میں درج ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر آئی ٹی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہم فائیو جی لانچ کرنے کی پوزیشن میں ہیں، تو اب اس کا جواب ہو گا ہاں۔۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میں آج سرکاری طور پر اعلان کرتا ہوں کہ دسمبر 2022ء تک پاکستان میں فائیو جی لانچ کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال پی ٹی سی ایل گروپ نے بھی پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔