ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کیلئے پاکستان کی ایران کو تعاون کی پیشکش

24  مئی‬‮  2024

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ایرانی حکام کو ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کے لیے مدد درکار ہو تو پاکستان مکمل تعاون کرے گا۔

جمعے کو صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اس حادثے کی تحقیقات کے لیے مکمل صلاحیت موجود ہے، ایران کو ہیلی کاپٹر حادثے پر تحقیقات کے لیے اگر پاکستان کی مدد درکار ہوں، تو پاکستان مدد کے لیے تیار ہے۔

یاد رہے کہ 20 مئی کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتہ پاکستان کے خارجہ امور کے حوالے سے انتہائی اہم رہا، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کیا، اس دورے سے پاکستان کو 1 کروڑ ڈالرز کے سرمایہ کاری کا فائدہ پہنچا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کا دورہ کیا اور ایرانی صدر کے جنازے میں شرکت کی، وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ نے بھی ایران کا دورہ کیا، اس کے علاوہ وزیر خارجہ نے کرغزستان کا اہم دورہ کرتے ہوئے کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور کرغزستان میں پیدا ہونے والے حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اسحق ڈار نے پاکستانی طلبہ کی سیکیورٹی اور پاکستانی عوام کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

کرغزستان سے طلبا اپنی مرضی سے واپس آ رہے ہیں

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحق ڈار نے بشکیک میں پاکستانی طلبہ کو درپیش مشکلات سے متعلق بریفنگ حاصل کی، بشکیک میں جو صورتحال بنی اس سے پاکستانی طلبہ کو کافی مشکلات کا سامنا رہا، بشکیک سے جو طلبہ واپس آ رہے ہیں وہ اپنی مرضی کے تحت واپس آ رہے ہیں، ابھی تک بشکیک سے 5 ہزار کے لگ بھگ طالب علم وطن واپس آ چکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن فار ریجنل کوآپریشن (سارک) کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کا اہم دورہ کیا۔

جنوبی وزیرستان میں مبینہ ڈرون حملے پر رد عمل دیتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ہم جنوبی وزیرستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے دکھ میں برابر شریک ہیں، ہم ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، مبینہ ڈرون حملے پر دفتر خارجہ کوئی رائے نہیں دیں گا، اس حوالے سے فوج کے اطلاعات عامہ آئی ایس پی آر سے رابطہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ 14 مئی کو جنوبی وزیرستان کے ضلع میں ایک گھر کے اندر دھماکے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت کم از کم 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس کے مطابق دھماکا ضلع کے علاقے تنگی بدین زئی میں واقع ایک گھر کے اندر ہوا اور مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے کیا گیا۔

وزیراعظم کا دورہ متحدہ عرب امارات کامیاب رہا

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کا کامیاب دورہ رہا، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان متعدد وفود کا تبادلہ ہوتا ہے، حکومت پاکستان نے یو اے ای حکام کی طرف سے ماضی میں پاکستان کی معاونت کا شکریہ ادا کیا، یو اے ای متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کرےے گا جس کی تفصیلات آئندہ ہفتوں میں جاری ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی، وزیرِ اعظم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی، وزیر اعظم اور متحدہ عرب امارات کے صدر کی ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحق ڈار، جام کمال خان، خواجہ آصف اور طارق فاطمی بھی موجود تھے، وزیر اعظم نے شیخ طحنون محمد النہیان اور شیخ حزہ بن النہیان کی وفات پر تعزیت بھی کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی پر فورم پر حمایت کرتا ہے، پاکستان فلسطین القدس دارالحکومت کے تحت آزاد ریاست کی حمایت کرتا ہے

بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق کسی بھی فیصلے کا کوئی حق نہیں رکھتا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی پر زور مذمت کرتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved