شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن نے امریکہ پر ایٹمی حملے کیلئے تیار کئے گئے طاقتور میزائلوں کا جائزہ لیا اور امریکہ کا مقابلہ کرنے کیلئےایک ناقابل تسخیر فوج کے بنانےکے عزم کا اظہار کیا۔عالمی میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے ہتھیاروں کے نظام کی ایک نادر نمائش کا معائنہ کیا جس میں امریکہ پر ایٹمی حملے کیلئے تیار کردہ میزائل بھی رکھے گئے تھے۔ اپنے خطاب میں کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ وہ اسلحے اور ٹیکنالوجی سے لیس کر کےاپنی فوج کو امریکہ سے مقابلے کیلئے ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
خطے میں تناؤ کا ذمہ دار امریکہ ہے، ہمارا سب سے اہم مقصد ایک ناقابل تسخیر فوجی صلاحیت کا حصول ہے جسے کوئی بھی چیلنج کرنے کی جرات نہ کر سکے۔جس کے غلط اور جانبدار فیصلوں کی وجہ سے خطے میں کشیدگی پیدا ہوئی اور کوریائی عوام ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہو گئے۔ امریکہ بار بار شمالی کوریا کے ساتھ دشمنی سے انکار کرتا آیا ہے لیکن امریکی حکام نے اب تک ایک بھی ایسا اقدام نہیں اُٹھایا گیا جس سے یہ ثابت ہو کہ وہ شمالی کوریا کا دشمن نہیں ہے۔
کم جونگ اُن نے اپنے خطاب میں جنوبی کوریا کو بھی امریکہ کے قریب ہونے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ شمالی کوریا کی ہتھیاروں کی تیاری پر نکتہ چینی پر اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
واضح رہے کہ 2017ء میں شمالی کوریا نے بین البراعظم مار کرنے والے تین بیلسٹک میزائلوں کے کامیاب تجربے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ اس نے امریکی سرزمین پر ایٹمی میزائلوں سے حملہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔