پاکستانی سپر اسٹار شان شاہد نے کہا ہے کہ میں نے عامر خان سے کہا کہ آپ انڈیا کے پہلوان ہیں، میں پاکستان کا پہلوان ہوں ، میں پیسے لے کر کشتی نہیں ہاروں گا۔
اداکار شان شاہد نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ فلم گجنی میں کام کرنے سے انکار پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ عامر خان نے انہیں فلم گجنی میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن جو کردار انہیں پیش کیا گیا تھا وہ ولن کا کردار تھا اور اسے کوئی بھی کرسکتا تھا۔ ضروری نہیں تھا کہ اس کردار کو کرنے کے لیے خصوصی طور پر مجھے پاکستان سے بلوایا جاتا۔
شان نے بتایا کہ میں تین، چار دن عامر خان کو سمجھاتا رہا اور جب وہ نہیں مانے تو میں نے پنجابی میں ایک جملہ کہا بس آپ یہ سمجھ لیں کہ آپ انڈیا کے پہلوان ہیں، میں پاکستان کا پہلوان ہوں ، میں پیسے لے کر کشتی نہیں ہاروں گا۔
عامر خان سے سوال کیا اس کردار کو تو کوئی بھی کرسکتا ہے تو پھر آپ کیوں ایک پاکستانی اداکار کو کاسٹ کرنا چاہ رہے ہیں۔ جس پر انہوں نے کہا پتہ نہیں چلے گا کہ آپ پاکستانی ہیں۔ اس جواب پر میں نے حیرانی سے کہا ایسے کیسے پتہ نہیں چلے گا کہ میں پاکستانی ہوں اور اس کردار کو ٹھکرانے کی دوسری وجہ یہ تھی کہ جو کردار مجھے پیش کیا گیا وہ انتہائی برے ولن کا تھا یہی وجہ تھی کہ مجھے یہ کردار پسند نہیں آیا۔