کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کا ایک اور اہم سرغنہ عبدالمنان عرف حکیم اللہ افغانستان کے صوبے کنڑ میں مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور اس سے منسلک دہشت گرد گروپوں میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرتے جارہے ہیں، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کی لڑائی سے دہشت گرد کمانڈرز پر اسرار طور پر مارے جا رہے ہیں۔
کنڑ میں کالعدم ٹی ٹی پی شوریٰ ملاکنڈ کے رکن عبدالمنان عرف حکیم اللہ کو ہلاک کردیا گیا ہے، اہم دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت کالعدم ٹی ٹی پی کی افغانستان میں موجودگی کا واضح ثبوت ہے۔
دہشت گرد عبدالمنان ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا، عبدالمنان کالعدم ٹی ٹی پی لیڈر عظمت اللہ محسود، ولی مالاکنڈ کا دست راست تھا، عبد المنان باجوڑ میں دہشت گردی کی کارروائیاں تشکیل دینے میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا۔
عبدالمنان نے2007 سے سیکیورٹی فورسز، معصوم شہریوں کےخلاف کارروائیوں میں حصہ لیا، 2014 میں دہشت گرد عبدالمنان کو افغان حکومت نے صوبہ ننگر ہار سے گرفتارکیا، 2021میں افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد عبدالمنان کو رہا کر دیا گیا تھا، عبدالمنان کے بھائی طارق عرف اسد کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے اہم سرغنہ عبدالمنان کی ہلاکت کو جماعت کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔