طالبان کے اہم رہنما سہیل شاہین نے افغانستان کے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
منگل کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بنگلا دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل میں کوالیفائی کرلیا۔
افغانستان کی جیت کے بعد جہاں ان کے فینز خوشی منانے سڑکوں پر نکلے اور سابق کرکٹرز کی جانب سے افغان ٹیم کو سراہا جارہا ہے وہیں طالبان حکومت کے سینیئر عہدیدار نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد بھارتی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کے قطر میں سیاسی دفتر کے سربراہ اور اقوام متحدہ میں نامزد مستقل نمائندے سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ ہم افغان کرکٹ کی بہتری کیلئے بھارت کے مسلسل تعاون پر اس کے شکرگزار ہیں اور اس کی قدر کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے بھارت نے افغان کرکٹرز کو اپنے اسٹیڈیمز میں تربیت فراہم کی جبکہ ان کو بھارتی کمپنیوں کی طرف سے اسپانسر شپ بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ بھارت کی ایک ملین ڈالر کی گرانٹ سے قندھار کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر بھی کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہی نہیں بلکہ بی سی سی آئی نے گریٹر نوئیڈا میں شہید وجے سنگھ پاتھک اسپورٹس کمپلیکس کو افغان کرکٹ ٹیم کا عارضی ہوم گراؤنڈ قرار دیا ہے۔