وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے نومنتخب برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ دور ختم ہوگیا جہاں قبل ازوقت ہونے والے عام انتخابات میں لیبر پارٹی نے فتح حاصل کرلی ہے جس کے بعد سر کئیر اسٹارمر نئے وزیراعظم بن گئے ہیں۔
برطانیہ کا وزیر اعظم بننے کے بعد سر کئیر اسٹارمر کو دنیا بھر کے رہنماؤں کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات وصول ہورہے ہیں ایسے میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی نومنتخب برطانوی وزیراعظم کو پیغام بھیجا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی شاندار کامیابی پر سرکئیر اسٹارمر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید وسیع اور مضبوط کرنے کے منتظر ہیں، سراسٹارمر کی دانشمندانہ اور قابل قیادت میں مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
اس کے علاوہ صدر مملکت آصف زرداری نے بھی نومنتخب برطانوی وزیراعظم کو مبارکباد دی۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ برطانوی انتخابات میں کئیر اسٹارمر کو کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان نئی برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔