بھارت کے معروف کامیڈین و میزبان کپل شرما کے ساتھی اداکار تیرتھ آنند راؤ جو خود بھی کامیڈین ہیں نے زہر کھالیا۔
بھارت میں کورونا وبا کے دوران کئی چھوٹے فنکار شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ کچھ فنکاروں نے تو تنگ دستی کے باعث سوشل میڈیا پر فنکاروں اور دیگر صاحب استطاعت افراد سے مالی امداد کی درخواست بھی کی، لیکن کچھ مالی مسائل سے اتنے ناامید ہوئے کہ انہوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کا انتہائی قدم بھی اٹھا لیا۔ ان ہی میں سے ایک بھارتی کامیڈین تیرتھ آنند راؤ ہیں جنہوں نے کورونا پابندیوں کی وجہ سے شو بند ہونے کے باعث پیش آنے والی مالی پریشانیوں کے سبب زہر کھا لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 15 برس سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ تیرتھ آنند راؤ نے مالی مشکلات کی وجہ سے 27 دسمبر 2021ء کو زہر کھاکر خود کشی کرنے کی کوشش کی، لیکن خوش قسمتی سے ان کے پڑوسیوں تک یہ بات پہنچ گئی جنہوں نے انہیں صحیح وقت پر ہسپتال پہنچایا، اور ان کی جان بچ گئی۔
تیرتھ آنند راؤ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مالی مشکلات کے باعث ان کے گھروالوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑدیا تھا، یہاں تک کہ ہسپتال میں ان کی ماں اور بھائی ان سے ملنے بھی نہیں آئے۔
واضح رہے کہ تیرتھ آنند راؤ نے کپل شرما اور بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ شوئیتا تیواری کے ساتھ کامیڈی سرکس کے عجوبے میں کام کیا تھا۔