والدہ مایوس ہیں اور اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی، حسینہ واجد کے بیٹے کا اعلان

5  اگست‬‮  2024

بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہونے والی وزیراعظم حسینہ واجد کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والدہ بہت مایوس ہوئی ہیں اور وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی۔

بنگلا دیشی کی مستعفیٰ وزیراعظم کے بیٹے صجیب واجد نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسینہ واجد نےجب اقتدارسنبھالا تو بنگلا دیش ایک غریب ملک اور ناکام ریاست تھی۔

انہوں نے کہا کہ والدہ حسینہ واجد نے بنگلا دیش کو ترقی دے کر ایشیا کے اُبھرتے ٹائیگروں میں شامل کیا۔

صجیب واجد نے بتایا ہے کہ حسینہ واجد بہت مایوس ہوئی ہیں اور وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرین کے خلاف حکومت کا ردعمل بالکل درست تھا۔

واضح رہے کہ حسینہ واجد کے استعفیٰ دینے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ان کے صاحبزادے اور حسینہ کے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مشیر صجیب واجد جوئی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا۔

ویڈیو میں انہوں نے ملک کی سکیورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ ان کے اقتدار سے کسی بھی طرح کے قبضے کو روکیں کیونکہ لاکھوں مظاہرین نے ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکا میں مقیم صجیب نے فوج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کا فرض ہے کہ اپنے لوگوں اور ہمارے ملک کو محفوظ رکھیں اور آئین کو برقرار رکھیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی غیر منتخب حکومت کو ایک منٹ بھی اقتدار میں نہ آنے دیں، یہ آپ کا فرض ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیشی وزیر اعظم ملک میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے بعد اب مستعفی ہوکر بھارت پہنچ گئی ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved