سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے 20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ حکومت آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنا سامان باندھ رہی ہے، جب کہ نواز شریف کسی کو ایکسٹینشن نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایک بار پھر عام معافی کا اعلان کرنے کی اپیل کردی۔
انہوں نے 20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ حکومت بننے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 15اگست سے 20 ستمبر تک ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت آرہی ہے ، حکومت اپنا سامان باندھ رہی ہے، اگست اور ستمبر کے مہینے بہت بھاری ہوں گے، 31 اگست کا دن بہت اہم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کسی کو ایکسٹینشن نہیں دیں گے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کے پاس کچھ نہیں ہے، ان کی کوئی نہیں سنتا۔
سابق وفاقی وزیر نے شکوہ کیا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں گیٹ نمبر 4 والے اٹھا کر لے جائیں گے، ان پر 14 کیسز ہیں اور 2 سال سے چالان نہیں ملے، جب کہ ہمارے کیسسز میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی بھی آ گئی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، ان کا صرف ایک بندے سے تعلق ہے، پوری جماعت سے کوئی واسطہ نہیں۔
عوامی لیگ کے سربراہ نے 31 اگست سے سیاسی طور پر فعال ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قوم سے اب بجلی کا بل نہیں دیا جارہا، اور ملکی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔